سجنوں تے مترو
السلام علیکم
امید واثق ہے کہ سب دوست رمضان المبارک کی پر نور اور متبرک ساعتوں میں سے اپنے حصہ کا فیضان کشید کر رہے ہوں گے. دوستو اور بھائیو ہم اپنی حیات مستعار کا زیادہ وقت گذار چکے اور تھوڑا وقت باقی ہے. ہمارے بہت سارے ساتھی اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے. بہت سارے زندگی کا وقت پورا کر رہے ہیں
اس وقت انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ جب ہم لوگ پیچھے نظر دوڑاتے ہیں تو ایک شاندار ماضی نظر آتا ہے لیکن حال کا برا حال ہے. اب جبکہ موجودہ دور میں دوبارہ سے دوستوں نے ایک نئے انداز. نئے عزم اور ولولہ کے ساتھ کام کا آغاز کیا ہے تو ہمیں بھی اپنا مستقبل تابناک نظر آنا شروع ہوگیا ہے. یقین جانیں کہ ابھی تنظیم سازی بھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے لیکن جیسے جیسے اضلاع میں تنظیموں کا سیٹ اپ مکمل ہو رہا ہے ویسے ویسے ہم لوگ بھی جوان ہونا شروع ہوگئے ہیں. یوں محسوس ہوتا ہے کہ 1980 کی دہائی پھر سے واپس آ گئی ہے. میرے دوستو ہمیں فی الحال اپنے ان دوستوں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے جو ابھی تک ہمیں سیریس نہیں سمجھ رہے. ہم نے قائد تحریک جناب غلام مرتضیٰ سعیدی صاحب کے اعتماد کو جلا بخشنی ہے اور رہبر تحریک جناب ڈاکٹر ظفر اقبال نوری صاحب کی امیدوں کے دیے دوبارہ سے جلانے ہیں. رمضان المبارک کی ان مبارک ساعتوں میں آئیں اور عہد کریں کہ اب ہم اپنی ساری زندگی کی کمائی کو لٹنے نہیں دیں گے. کسی کو اپنے درمیان نااتفاقی کا بیج نہیں بونے دیں گے. اپنے بھروسہ کو ٹوٹنے نہیں دیں گے. ہم کسی فرد واحد کے نظریہ کو لیکر نہیں چلے بلکہ ہم تو سیدی مرشدی یانبی یانبی کے آفاقی نعروں کی گونج میں اپنے آقا و مولا کے پیغام کی ترویج و ترقی کے لئے میدان عمل میں ہیں. دین اسلام اور ختم نبوت پر جس طرح حملے ہورہے ہیں کیا آپ لوگ یہ برداشت کرنے کو تیار ہیں کہ ان حالات میں بھی ہم غیر منظم رہیں.
میرے بھائیو رات کے اس پہر جب اللہ پاک کی رحمت کا دریا جوش مار رہا ہے آئیں اللہ تعالیٰ کے حضور دست دعا دراز کریں اور اپنی غلطیوں. کوتاہیوں اور سستی کی معافی مانگیں. اللہ پاک کے حضور گڑگڑائیں کہ یااللہ ہمیں معاف کر دے اور ہم سے اپنے دین کی تقویت کا کام لے لے. یااللہ ہم سے عقیدہ ختم نبوت کی چوکیداری کا کام لے لے. یااللہ ہماری نسلوں کو بھی پاکیزہ رکھنا اور ہماری مادر فکری انجمن طلباء اسلام اور مصطفائی تحریک کو دین اسلام اور مصطفےٰ کریم صل اللہ علیہ والہ وسلم کے عشق سے سرفراز فرمانا. آمین ثم آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں