تحریک نفاذ اردو پاکستان
لاہور: قومی زبان اردو پورے ملک میں کاروباری افراد کے مابین باہمی رابطہ کی واحد زبان ہے۔ ملکی قوانین و طریق کار کو اردو زبان میں ڈھالنے اور اردو کو سرکاری و نجی شعبہ میں دفتری زبان بنانے سے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت لاہور کے رہنما اور مصطفائی بزنس فورم کے سربراہ شیخ طاہر انجم نے اپنے دفتر میں تحریک نفاذ اردو اور مصطفائی تحریک کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پانچ سال گزرنے کے باوجود ابھی تک نفاذ قومی زبان سے متعلق عدالت عظمی کے فیصلہ پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک میں ملکی قوانین اور قواعد پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کی سب سے اہم وجہ خود حکومتی سطح پر آئیں و قانون کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے 8 ستمبر کو یوم نفاذ قومی زبان منانے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ تجارت و صنعت اور اس سے متعلق محکموں کے تمام قوانین اور طریق کار انگریزی میں ہونے کی وجہ سے تمام کاروباری افراد کو ان کو سمجھنے اور عمل کرنے میں شدید دشوار ی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نظام معیشت کو اردو کے سانچے میں ڈھال کر ہم معاشی ترقی کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔شیخ طاہر انجم نے بتایا کہ 6 بی فوڈ انڈسٹریز کے دفاتر میں محنت کشوں کی آسانی کے لئے تمام خط و کتابت اردو میں کی جاتی ہے۔ وفد میں مصطفائی تحریک پاکستان کے امیر ملک غلام مرتضی سعیدی تحریک نفاذ اردو کے سرپرست محمد اسلم الوری سینئر قانون دان ایوب خان ایڈووکیٹ اور ممتاز سماجی رہنما میاں فاروق مصطفائی شامل تھے۔ شیخ طاہر انجم نے وفد کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا اور انہیں ملک میں نفاذ اردو اور مصطفائی معاشرہ کی تشکیل کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں