اہم خبریں

کیا مدارسِ دینیہ میں دروس کی ویڈیوریکارڈ نگ ممکن ہے ؟ بشکریہ المدرس

 


 

#منتظمین مدارس کی خدمت میں

تکنیکی وسائل سے لیس ارباب مدارس کو لاک ڈاؤن کے دوران ایک انتہائی ضروری اور مفید کام کی شروعات کرنی چاہیے:

درس نظامی کے جو جید اساتذہ باحیات ہیں, ان کے دروس کی ویڈیوریکارڈنگ کرائیں-اس کام میں حسب ذیل چند امور کا لحاظ رہے:

الف:ہر فن کی چند نمایاں اور نسبتاََ مغلق کتابوں کا انتخاب کیا جائے-

ب: اساتذہ کے انتخاب میں اس بات کا  خیال رکھا جائے کہ وہ جس فن کے ماہر ہوں,ان کو اسی فن کی کتاب دی جائے-

ج:ویڈیو ریکارڈنگ میں خیال رکھا جائے کہ تصویر عمدہ اور آواز کلیئر ہو-

د:درس کا دورانیہ 35-40 منٹ سے زیادہ نہ ہو-

ہ:حسب ضرورت بلیک/وائٹ بورڈ کا استعمال کیا جائے.

و:جو اساتذہ درس گاہ کو "میدان کارزار" سمجھ کر 'شیرنر' کی طرح داخل ہوتے ہوں اور جن کے داخلے کے بعد طلبہ 'چرخ کہن'کی طرح کانپ رہے ہوں انھیں تدریس کی زحمت نہ دی جائے-

ز:اسی طرح جو حضرات ویڈیو ریکارڈنگ سے محترز ہوں,انھیں بھی پریشان نہ کیا جائے-

اس کام سے کئی بیش قیمت فائدے ہوں گے:

 1- ان جید اساتذہ کا علمی فیض بعدِ وفات بھی جاری رہ سکے گا جو یقینا صدقۂ جاریہ ثابت ہوگا-ان شاء اللہ

2-  ممتاز اہل علم کے پے درپے رخصت ہونے کی وجہ سے علمی دنیا بطور خاص تدریسی شعبے میں ایک خلا محسوس ہونے لگا ہے,اس کا کسی حد تک ازالہ ہوگا-

3- متعلقہ فن کی تفہیم کے خواہش مند حضرات اپنے پسندیدہ وقت اور جگہ پر رہ کر استفادہ کرسکیں گے- سرحدوں کی لکیریں اخذواستفادے کی راہ میں مانع نہیں ہوں گی-

4- درس نظامی کی وہ کتابیں جنھیں نصاب سے باہرکردیا گیا ہے,یا آئندہ کبھی کردیا جائے گا ,علمی ذوق رکھنے والے طلبہ ان سے استفادہ کرسکیں گے-

5-لاک ڈاؤن جیسی صورت حال میں ادارے کے منتظمین طلبہ کے لیے درسی مواد کی سفارش کے سلسلے میں بہتر متبادل کا انتخاب کرسکیں گے.

6- کسی ایک ملک/مدرسے/پسماندہ علاقے کا ذی استعداد طالب علم دوسرے مدرسے/ملک کے ماہر فن سے استفادہ کرسکے گا-

7-وہ باذوق طلبہ جنھیں معاشی تنگ دستیوں کی وجہ سے سلسلۂ تعلیم منقطع کرنا پڑجاتا ہے,وہ تلاش رزق کی مصروفیات کے ساتھ تعلیمی سفر بھی جاری رکھ سکیں گے-

 8- دنیا بہت تیزی کے ساتھ آن لائن ٹیچنگ/ڈسٹنس لرننگ کی طرف بڑھ رہی ہے,چناں چہ کئی بڑے ادارے فاصلاتی تعلیم کے وجود میں آچکے ہیں, اس زاویے سے بھی یہ اقدام نتیجہ خیز اور مفید ثابت ہوگا-

خیراندیش
سیدقمرالاسلام

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.