اہم خبریں

مردِ وفا و تسلیم حاضرِ بارگاہِ کریم ہوا**تحریرڈاکٹر محمد ظفر اقبال نوری

 



آہ ! آہ! آہ!

مردِ وفا و تسلیم حاضرِ بارگاہِ کریم ہوا

****تحریرڈاکٹر محمد ظفر اقبال نوری****

دل بوجھل اور آنکھوں میں آنسو ہیں۔ زباں کو بات کرنے کا یارا نہیں۔قضا نے سینے میں ایسا تیر پیوست کیا ہے کہ روح تک زخمی ہے۔ میرے ہمدمِ دیرینہ ، دوستِ قلب و جاں ، جان نثارِ شاہِ خوباں( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) وفا کیش و ایثار خُو ڈاکٹر تسلیم قریشی رحلت فرما کر سرزمینِ اولیاء ملتان میں آسودہء خاک جنّت نشیں ہوئے۔ اللہ کریم ان کی مغفرت فرما کر درجات میں بلندی بخشے اور ان کے تمام اعزاواقربا کو صبر و اجر سے نوازے ۔ ڈاکٹر تسلیم قریشی دورانِ تعلیم میرے سینئر تھے۔ انجمن طلبہ اسلام المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اور مصطفائی تحریک ہر دائرہ ء عزم و جنوں میں وہ مردِ وفا و ایثار خُو رہے۔ ملتان میں ان کا کلینک ہمیشہ کارکنانِ انجمن کے لیے مہمان خانہ اور جائے پناہ رہا۔ ان کے دل میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدّت ان کی باتوں سے ہویدا ہوتی اور ان کا مسکراتا چہرہ , باتیں کرتی آنکھیں کسی اور ہی جہان کی خبر دیتے۔ہر سال اپنی وسیع و عریض سرکاری رہائش گاہ پہ سالانہ محفل میلاد سجاتے اور سترہ رمضان کو شہدائے بدر کی یاد سے اپنے احباب کو عزیمت و جراءت کا سبق دیتے۔ زلزلہ ہو سیلاب ہو کوئی مشکل صورتحال ہو وہ خدمت خلق کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ تعلیمی اور سماجی خدمت کے حوالوں سے بھی ان سے مضبوط تعلق رہا مگر وہ حوالہ جس نے مجھے ہمیشہ کے لیے ان کا مقروضِ محبت اوروارفتہ بنا دیا وہ ان کی وہ بندہ پروری تھی جسے میں عمر بھر نہ بھلا سکوں گا۔ وہ یہ کہ ایک دفعہ بغیر کچھ بتائے بہت اصرار کے ساتھ ملتان بلایا محفل میلاد منعقد کی اور جب واپسی کا وقت ہوا تو فرمانے لگے کہ یہ موئے مبارک کی نعمتِ عظمیٰ ہے جو میری والدہ نے کہا تھا کہ آپ کو عطا کر دوں۔ میری آنکھوں میں آنسو تھے دل تشکر میں ڈوبا ہوا تھا اور زبان کو بات کرنے کا یارا نہ تھا۔

آج بھی وہی کیفیت ہے مگر اب ان کی جدائی کا غم ہے۔ اللہ کریم جنت میں انہیں اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جوار میں جگہ عطا فرمائے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.