اہم خبریں

نیشنل پریس کلب اسلام آباد:تعزیتی ریفرنس محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ؒ 📷 رپورٹ :محمد اسلم الوری

 

محمد اسلم الوری
 
ڈاکٹرعبدالقدیر خان ایک عظیم رہنما اور مثالی سائنسدان تھے
وہ صدق و صفا کا پیکر عاشق رسول  اور جہد مسلسل کا عملی نمونہ  تھے
قومی زبان کے نفاذ اور قومی زبان کو ذریعہ تعلیم بنائے بغیر سائنسی و معاشی ترقی کا (خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا
ڈاکٹر عبدالقدیر کو سرکاری طور پر قومی ہیرو کا درجہ دینے،  ملکی  جامعات میں ڈاکٹر قدیرخاں چئیر قائم کرنے،  اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراہوں کو ان کے نام سے منسوب کرنے، اور قومی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہر سال  محافظ پاکستان ایوارڈ  دینے کا مطالبہ  ، ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کے چہلم پر محافظ پاکستان تعزیتی ریفرنس سے  سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا خطاب
 
اسلام آباد(پ  ر) ڈاکٹرعبدالقدیر خان ایک عظیم رہنما اور مثالی سائنسدان تھے۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ایک شکست خوردہ قوم کواعتماد اور وقار کی دولت عطا کی۔ قومی زبان میں جدید معلومات اور  معیاری تعلیم کی فراہمی کو قومی  ترجیحات میں شامل  کرکے ہی ہم  سائنسی ترقی ، قومی دفاع اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار  مقررین نے آج  نیشنل پریس کلب میں مصطفائی تحریک پاکستان کے  تحت  محافظ  پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے چہلم کے موقع پر تعزیتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  تعزیتی ریفرنس سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل  ریٹائرڈ عبدالقیوم  ، جماعت اہل سنت کے رہنماعلامہ سید ریاض حسین شاہ،   ڈاکٹر دانیہ  ممتاز جوہری سائنسدان ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر افضل خان ، مصطفائی تحریک کے مرکزی امیر غلام مرتضی سعیدی، صحافی رہنما افضل بٹ، انجمن طلبا اسلام کے مرکزی صدر رمیز راجہ، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، لاہور چیمبر آف کامرس کے شیخ طاہر انجم  مصطفائی لائرز فورم کے رہنما سید جوادالحسن کاظمی پاکستان فلاح پارٹی کے رہنما سید راشد گردیزی  سمیت متعدد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ سابق سینیٹر جنرل عبدالقیوم نے   بعض وطن دشمن عناصر کی طرف سے  ڈاکٹر اے کیوخان کے خلاف جھوٹے پروپگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محافظ پاکستان نے امانت و دیانت اخلاص و ایثار  اور کارکردگی کا وہ اعلی ترین معیار قائم کیا جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔ جوہری صلاحیت   کے حصول کی وجہ سے انہیں عالم اسلام میں انتہائی قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وہ ایک عظیم قومی   ہیروکے ساتھ غریب پرور محب وطن اور بہادر انسان تھے۔  علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو  خان امت مسلمہ کا درد اور وطن عزیز کی ترقی کے ہر لمحہ فکر مند ایک مثالی قائد تھے۔ وہ صدق و صفا کا پیکر عاشق رسول  اور جہد مسلسل کا عملی نمونہ  تھے۔ ان کی شخصیت  نے  عالم اسلام کے لئے ہر قسم کی جارحیت کے خلاف  ایک ڈھال کا کام کیا۔ ممتاز ایٹمی سائنسدان اور ماہر تعلیم  ڈاکٹر انوارالحق نے  کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی دفاعی ، تعلیمی اور سماجی شعبہ میں  ملی خدمات  اور دفاعی  ٹیکنالوجی کے میدان  میں ان کے شاندار کارنامے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ڈاکٹر خان نے  شدید مسائل و مشکلات کے باوجود عمر بھر قومی اداروں کے استحکام، ملکی دفاع و  سلامتی  کو یقینی بنانےاور  قومی زبان و اقدار کے تحفظ کے لئے  جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا قومی زبان کے نفاذ اور قومی زبان کو ذریعہ تعلیم بنائے بغیر سائنسی و معاشی ترقی کا (خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ہم ان کے انتظامی اسلوب اور حکمت عملی پر عمل کرکے   اقوام عالم کی صف میں بلند مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر انوارالحق نے  کہا کہ  قومی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ  تعلیم و تحقیق اور سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں میں   اعلی  تعلیم یافتہ، پیشہ وارانہ مہارت  اور امانت و دیانت کے حامل افراد کا انتخاب کیا جائے، انہیں مالیاتی اور انتظامی طور پر بااختیار بنایا جائے ، مختلف ہتھکنڈوں سے  ان کو تنگ اور بے عزت  کرنے  کی بجائے ان کی صلاحیتوں  پر بھرپور اعتماد   کیا جائے۔ ممتاز  جوہری سائنسدان ڈاکٹر افضل خان نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان نے ہمیں صرف  ایٹمی توانائی ہی نہیں دی بلکہ دورمار ٹینک شکن میزائل جیسے ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان کے پورے دفاعی نظام کو جدید ترین ٹیکنالوجی  کی مدد سے ناقابل تسخیر بنادیا۔ قلیل مدت اور ناکافی وسائل سے جوہری توانائی کا حصول ان کی بے مثال جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر خاں آہنی عزم اور  غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ وہ مقبول بارگاہ رسالت اور بزرگان دین کی توجہ کا مرکز تھے۔مصطفائی تحریک کے مرکزی امیرغلام مرتضی سعیدی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا کر عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کردیا۔ محافظ پاکستان کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔  ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے  کہا  زندہ اور مہذب قومیں اپنے قومی ہیروز کی قدر کرتی ہیں  لیکن حکومتی حلقوں خاص طور پر پیمرا  اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے ڈاکٹر عبدالقدیرخاں  جیسے قومی ہیرو کے وصال پر سردمہری کا رویہ کی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفائی تحریک اپنے قومی ہیروز کی بے توقیری کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔  ڈاکٹر اے کیو خان کی دختر ڈاکٹر دانیہ نے اپنے عظیم والد کی یاد میں ملک گیر  تقریبات  کے انعقادپر مصطفائی برادری کا شکریہ ادا کیا۔تعزیتی ریفرنس میں مصطفائی برادری، انجمن طلبا اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، جماعت اہل سنت، انجمن اساتذہ پاکستان، مصطفائی فاؤنڈیشن، تحریک نفاذ اردواور مصطفائی لائرز فورم کے  کارکنان  سمیت کے آرایل کے ریٹائرڈ   سائنسدانوں، صحافیوں ، وکلا اور جامعات کے طلبا و اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف قراردادوں کی منظوری دی گئی جن میں  ڈاکٹر عبدالقدیر کو سرکاری طور پر قومی ہیرو کا درجہ دینے،  ملکی  جامعات میں ڈاکٹر قدیرخاں چئیر قائم کرنے،  اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراہوں کو ان کے نام سے منسوب کرنے، اور قومی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہر سال  محافظ پاکستان ایوارڈ  دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایصال ثواب اور بلندئ درجات کے لئے دعا کی گئ۔






























کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.