اہم خبریں

فیصل آباد: یونیورسل چلڈرن ڈےکا انعقاد

  

فیصل آباد(20 نومبر2021ء)ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ،چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو اورآل فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک کے اشتراک سے یونیورسل چلڈرن ڈے بھر پور طریقے سے منایا گیا۔اس موقع پر بچوں کے حقوق کے تحفظ کو اجاگر کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور رکن صوبائی اسمبلی فردوس رائے نے واک کی قیادت کی۔واک ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس ڈی سی کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔انچارج کنٹرول روم ڈی سی آفس محمد صادق،ڈاکٹر جعفر حسن مبارک،چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز، چئیرمین فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک و صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس پروفیشنلز میاں ندیم احمد، محسن رضا ملک ایڈووکیٹ فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو، تاجر رہنماء سید رضاء الرحمان، ذیشان بابر ضلعی کوآرڈینیٹر وزیراعظم کلین گرین پروگرام، فیصل آباد این جی اوز نیٹ ورک کے عہدیداران یوسف عدنان، نعمان یونس،  اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ مختلف اداروں میں زیر تعلیم بچے بڑی تعداد میں شریک تھے جنہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے کی ذمہ داریوں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔واک کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل کے معماروں کوتعلیم،صحت،کھیلوں کی وسیع سہولیات فراہم کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے جس کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں بچوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ نونہالوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ عالمی یوم اطفال منانے کے اصل مقاصد حاصل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو معاشرے میں متعارف کرانے سے قبل انہیں اخلاقیات کا درس دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم و تربیت کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ وہ کسی سطح پر احساس محرومی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ایس او ایس ویلج، یتیم خانوں،پاک مکتب سکولوں، ماڈل چلڈرن ہوم،چائلڈ پروٹیکشن بیوروز میں مقیم بچوں سمیت معاشرے کے محروم بچوں کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ خصوصی بچوں کو بھی سماجی سرگرمیوں کا حصہ بنانے میں کوئی کمی باقی نہ رہے۔انہوں نے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا اور بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کریں جبکہ والدین اور اساتذہ کی عزت واحترام میں کمی نہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کامقصد بچوں میں تعلیم کا شوق پیدا کرناہے۔ایم پی اے فردوس رائے نے کہا کہ بچے ہمارا سرمایہ افتخار اور روشن مستقبل ہیں جن کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات میں کمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن مناتے وقت ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ قوم کے نونہالوں کو بہترین ماحول میں پروان چڑھانے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے سلسلے میں اجتماعی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے گا۔انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں خدمات انجام دینے والی این جی اوز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بچوں کی بھلائی و بحالی کے مختلف فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے کیونکہ قوم کا مستقبل مضبوط اور روشن بنانے کیلئے بچوں کی ذمہ دارانہ دیکھ بھال اور پرورش ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی یوم اطفال پر بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں مزید کہا کہ بچے قوم کا درخشاں مستقبل ہیں جن کی آبیاری اورصحیح سمت رہنمائی سے قومی ترقی کی بنیاد مضبوط ہو گی۔دیگر مقررین نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اوراس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی تعلیم،صحت،تفریح اور ذہنی تربیت کے حوالے سے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔

 

 

 

 

 

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.