ابراہہ کے فیل اوراب انڈین را کے فیل
🚀 رشحات قلم:سعید علی عمران
قدرتی آفات ہوں، یامعاشرتی مسائل۔ سیلاب کی تباہ کاریاں ہو یا زلزلے کے دل دہلادینے والے مناظر۔ کرونا جیسی وباہو، یاا ہنسا کے پرچارکوں کا جنگی جنون۔ مصطفائی تحریک ہمیشہ میدان عمل میں نکلی۔ قوم کی موثر راہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا۔ اوربرادر تنظیمات کے ساتھ مل کرقوم کے دکھوں کا مداوا کیا۔
معصوم لوگوں پربھارت کے بزدلانہ حملے کی بربریت پر 7مئی 2025 کو قائد تحریک جناب غلام مرتضٰی سعیدی نے خصوصی خط کے ذریعے تمام مصطفائی برادری کو وطن عزیز، مملکت خداداد پاکستان سے اپنی لازوال محبتوں اور وفاداری کے بھر پور اظہارو عمل کے لیے اقدامات اٹھائے۔
پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے لیے بینرزاور ریلیاں، زخمیوں کے لیے بلڈ ڈونرز کیمپ، پاک فوج کی مدد کے لیے مصطفائی رضاکاروں کا اعلان، سوشل میڈیا پر گودی میڈیا کے تعصب کا فراست سے مقابلہ کرنا شامل تھے۔
قائد تحریک کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے۔ دفاع پاکستان سیمینارمصطفائی تحریک پنجاب شمالی کے زیر اہتمام 11مئی2025 کو مزار گنج بخش کے سائے میں واقع گوشہ خیر لاہور میں انعقاد پذیر ہونا قرار پایا۔
رب جلیل نے قوم کو اقوام عالم کے سامنے سرخرو کرتے ہوئے فتح سے ہمکنار فرمایا۔ قرآن مجید فرقان حمید میں ارشاد ربانی ہے۔
اَلَم’تَرَکَیْفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِاَصْحٰبِ الْفِیْلِ o
ترجمہ: کیاآپ نے نہیں دیکھا کہ آپ کے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا۔
اللہ نے ابراہہ کے فیل کاحال کھائے ہوئے بھس کی مانند کر دیا تھا۔ اوراب اللہ نے زمانہ جدید کے انڈین را کے فیل پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ذریعے زمیں پر پٹخ دیے۔ اوران موذی کرگسوں کو بھس بنا دیا۔ شہید سلطان فتح علی ٹیپوکے نام سے موسوم فتح ون نے چانکیہ کے چیلوں کاطلسم براہموس بھسم کر دیا۔
دفاع پاکستان سیمینار کا آغاز کلام ربانی سے ہوا، محمد اکرم مصطفائی کی پکارو یا رسول اللہ! کی صداؤں نے سماں باندھ دیا۔ نظامت کے فرائض سعید علی عمران صوبائی جنرل سیکرٹری مصطفائی تحریک پنجاب شمالی نے اداکیے۔ دفاع پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے۔ جناب ذوالفقار حیدر سیالوی صدر پنجاب شمالی نے تحریک کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ اور کہا بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔قوم جاگ رہی ہے۔
امیر تحریک جناب غلام مرتضٰی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مصطفائی تحریک، پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ ہر میدان میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔ پاکستان آرمی نے جس جذبے سے ملک کا دفاع کیا، اور عوام نے افواج پاکستان کا ساتھ دیا،لائق صد تحسین ہے۔ اور اس فتح پر پوری قوم کو مبار ک باد پیش کرتے ہیں۔ ہال سیدی مرشدی یانبی ﷺ یانبیﷺ اور پاکستان زندہ باد کے ولولہ انگیز نعروں سے گونجتا رہا۔
صوبائی ذمہ داران سید ارشد حسین گیلانیSVP چھانگا مانگا، محمد اعظم سعید ڈسکہ، رشید احمد خان سہو ساہیوال، منیر مصطفائی راولپنڈی نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ ناصر خان لودھی ایڈووکیٹ سیالکوٹ، اجمل ضیا چیمہ ایڈووکیٹ وزیر آباد، جاوید مصطفائی سرگودھا، سلیمان مصطفائی جھنگ، ڈاکٹر تیمور خان فیصل آباد، محمد عارف بھٹی شیخوپورہ سے شریک ہوئے۔ پنجاب بھر کے اضلاع میں سے محمد اشرف بسمل، محمد اقبال قاسم،وحید احمد صدیقی،رانا خالدمحمود، غلام ہمدانی، محمد شمس مصطفائی، رانا مشتاق انجم، رانا آفتاب احمد، اور عبدالرشید شاہد نے سیمینار میں شرکت کی۔
میزبانی کے فرائض لاہورسے احمد رضا، حافظ محمد الیاس، فیض رسول چشتی نے سرانجام دئیے۔ پرتکلف ظہرانے اور فتح کی خوشی میں مٹھائی سے تواضع کی گئی۔ سیمینار کے اختتام پر مرکزی سیکرٹری جنرل حافظ محمد قاسم مصطفائی نے پاکستان پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے سکیورٹی فورسزکے جوانوں،عورتوں،بچوں اور معصوم شہریوں کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لیے دعاکروائی۔
مصطفائی تحریک کی قیادت نے جمعۃالمبارک کا دن یوم تشکر کے طور پر منایا۔ خطبات جمعہ تشکر کی دعاؤں سے مزین، ریلیاں جوش و جذبے سے بھر پور۔ مصطفائی سکولزمیں ملی ترانے جاگ اٹھا ہے سارا وطن کی صدائیں، ملک بھر میں جگہ جگہ مٹھائیاں بانٹیں گئیں۔ رنگ وروشنی اور فتح کی چمک دمک۔ الحمداللہ
خدا کرے کہ مر ی ارضِ پاک پر اترے --------وہ فصل گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں