تلہ گنگ (نمائندہ خصوصی) المصطفے ویلفیئر سوسائٹی اور مصطفائی تحریک کے زیر اہتمام شادابی پاکستان مہم کے سلسلے میں شادابی پاکستان آگاہی سیمینار جامع صدیقیہ چکوال روڈ تلہ گنگ میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حمزہ مصطفائی ڈائریکٹر قومی اسمبلی،خواجہ صفدر امین جنرل سیکرٹری المصطفے ویلفیئر سوسائٹی تھے ۔ مہتمم جامعہ صدیقیہ و المصطفیٰ اسلامک سنٹر مولانا صابر ایوب نے مہمانان گرامی کا استقبال کیا ۔ ڈاکٹر حمزہ مصطفائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ قوم 14 اگست کو یوم آزادی ہے ساتھ ساتھ شادابی پاکستان کے حوالے سے بھی منائے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار پیارے وطن اور اس کی نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔ ڈاکٹر حمزہ مصطفائی نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی ہے ۔ صدقہ جاریہ بھی ہے ۔ درخت لگانے سے ہی گلیشیئر پگھلنے سے رک سکتے ہیں ۔ سیلاب سے بچا جا سکتا ہے ۔ اس سلسلے میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نے محکمہ جنگلات اور سول سوسائٹی سے ملکر پاکستان کے ہر ضلع میں شادابی پاکستان مہم شروع کر دی ہے ان شاءاللہ پاکستان کی عوام کل رقبہ کے اس وقت موجود پانچ فیصد جنگلات کو پچیس فیصد تک لے جانے میں اپنا پورا کردار ادا کریگی ۔ خواجہ صفدر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر ضلع میں دینی مدارس اور سول سوسائٹی سے ملکر نرسریاں قائم کر رہے ہیں . ہماری کوشش ہے کہ جہاں پودا لگائیں وہاں ان کی حفاظت کےلئے بھی میکنزم بنائیں ۔ ضلع تلہ گنگ میں ہمارا ٹارگٹ کم از کم سات لاکھ پودے لگانے کا ہے ۔ اس ضمن میں طالب علم ہمارا ہر اول دستے ہونگے۔ سیمینار سے مولانا صابر ایوب ، پروفیسر ڈاکٹر گل احمد ، ایس ڈی او محکمہ جنگلات ملک عابد کوکب ، ملک جاوید اعوان نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ انجمن بہبودی مریضاں کے شیخ امتیاز ، ملک ندیم اختر ، حاجی غلام عباس جھابری ، ملک عاصم رشید ، فیاض گھاڑا ، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر ایک تلہ گنگ ملک جواد ، صحافیوں نذر حسین چودھری ، محبوب حسین جراح ، پنجاب کالج کے ڈائریکٹر ملک شوکت ایڈووکیٹ ، صاحبزادہ مولانا قاسم نقشبندی سمیت دیگر سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔ بعد ازاں مہمانان گرامی نے مدرسہ کے احاطے میں پودے بھی لگائے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں