اہم خبریں

کھلے دل سے اعتراف 💓 از محمد اسلم الوریٰ

 

 ہمیں اس بات کا بھی کھلے دل سے اعتراف کرنا چاہئے کہ راولپنڈی میں المصطفی کے نام سے سرگرم فلاحی تنظیم کے نام کی جازبیت، معنویت، اور جمعیت علمائے پاکستان اور انجمن طلبا اسلام کے پیغام سے مناسبت کے پیش نظر کراچی  میں اہل سنت ویلفئر سوسائٹی کے نام سے فعال فلاحی تنظیم کو بھی ذمہ داران نے المصطفی ویلفئر سوسائٹی ٹرسٹ  کے نام سے ازسرنو منظم کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں قبلہ حاجی حنیف طیب صاحب کے سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں شمولیت کے بعد کراچی میں المصطفی کے فلاحی منصوبوں کی تشکیل ، وسائل کی دستیابی اور کامیابی میں بے حد آسانیاں پیدا ہوگئیں۔ لاہور اور کراچی میں المصطفی کے لئے سرکاری کوارٹرز کا حصول اور فیصل آباد اور مظففر آباد میں المصطفی کے نام سے فلاحی خدمات میں تسلسل اور استحکام میں وزارتی سرپرستی اور سابقین انجمن کی محنتوں نے اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران سابقین انجمن کی شیرازہ بندی کی کوششوں کے نتیجہ میں جب مصطفائی تحریک کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا تو پہلی مرتبہ مصطفائی تحریک کے شعبہ بہبود کو برادر احمد عبدالشکور کی قیادت میں المصطفی ویلفئر سوسائٹیز کے قیام کی صورت میں پورے ملک میں منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ سماجی خدمات کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے اور  مصطفائی رضاکار کے نام سے خدمت انسانیت کو ایک ملک گیر تحریک بنایا جائے۔
اس ضمن میں سماجی و فلاحی سرگرمیوں کی نگرانی ، رضاکاروں کی تربیت، اور باہمی رابطہ کے لئے تمام تعلیمی و سماجی اداروں کو سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت منظور شدہ فلاحی ادارے  مصطفائی فاونڈیشن پاکستان کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان تمام مراحل میں ڈاکٹر ظفر اقبال نوری  ، میاں فاروق مصطفائی ، احمد عبدالشکور، مرحوم عطاءالمصطفی نوری، احمد وقارمدنی، ڈاکٹر خلیل اصلاحی، خواجہ صفدر امین ، شہید یعقوب قادری،  محمد اسلام نشتر  ، حمزہ مصطفائی، عابد قادری  مناف الانہ اور متعدد دیگر احباب نے کلیدی اور ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
اہم بات کسی ایک شہر میں المصطفی یا کسی اور نام سے کسی فلاحی سرگرمی کا فروغ نہیں بلکہ سب سے اہم بات انجمن طلبا اسلام کے سابقین اور حاضرین کے مابین ربط و روابط ، سماجی خدمات اور تعلیمی میدان میں معیاری اداروں کا قیام ، زندگی کے مختلف شعبوں میں سرگرم سابقین کی شیرازہ  بندی  فکری رہنمائی اور کی صلاحیتوں کو باقاعدہ ایک نظم کے تحت سماجی شعبہ میں صحت، تعلیم، ماحولیات، روزگار، تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے لئے بروئے کار لانا ہے۔ یہ وہ میدان کار ہے جس میں سابقین انجمن کی سب سے  بڑی اور واحد نمائندہ غیر سیاسی اور نظریاتی  تنظیم  مصطفائی تحریک پاکستان اور اس سے وابستہ مصطفائی رضاکاروں نے شاندار خدمات انجام دی ہیں اور دینی و سماجی خدمات کا یہ سلسلہ کسی بھی قسم کی خود پسندی، شخصیت پرستی اور ذاتی و گروہی اغراض و مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے اندر اور بیرون ملک جاری ہے۔
مصطفائی معاشرہ کی تشکیل میں دلچسپی رکھنے والے ہر شہری اور خاص طور پر انجمن طلبا اسلام کے حاضرین و سابقین سے اپیل ہے کہ وہ شخصیت پرستی کے جال سے نکلیں اور فقط اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کے لئے اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو انسانوں کی بھلائی اور اخروی سعادتوں کے حصول کے لئے بروئے کار لائیں۔
مصطفائی تحریک کے تعارف و خدمات سے متعلق مزید معلومات کے لئے ماہنامہ مصطفائی نیوز کراچی کے سلور جوبلی نمبر کا مطالعہ فرمائیں اور امیر مصطفائی تحریک غلام مرتضی سعیدی صاحب یا اپنے قریبی مصطفائی مرکز سے رابطہ کریں۔

 

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.