اہم خبریں

سیلاب متاثرین کے لئےمصطفائی خیمہ اسکول/ مدرسہ کا قیام

 


 

 سیلاب متاثرین کے لئےمصطفائی خیمہ اسکول/ مدرسہ کا قیام
۔۔۔۔۔۔۔

محترم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔السلام علیکم و رحمتہ اللہ

الحمدللہ آپ کے بھرپور  تعاون ، مصطفائی رضاکاروں کے عزم و ہمت اور رب کریم کی توفیق سے المصبطفی ویلفئر سوسائٹی کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ٹنڈوالہ یار، صحبت پور، ٹھل، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، راجن پور، فاضل پور، عاقل پور، ڈیرہ غازیخاں ، خیرپور اور دیگر علاقوں میں مصطفائی خیمہ بستیوں کے قیام کا سلسلہ جاری ہے۔25 متاثرہ خاندانوں پر مشتمل ایک خیمہ بستی میں اوسطا 200 سے زائد مردو خواتین کو رکھا جاتا ہے جن میں 80 سے 100 بچے بچیاں شامل ہیں۔ مصطفائی خیمہ بستیوں میں متاثرین کو مصطفائی دستر خوان اورالمصطفی فری میڈیکل کیمپ کے ذریعہ رہائشی سہولیات، معیاری خوراک، صاف پانی  بروقت طبی امداد اورمتعدی امراض سے بچاو کے لئے ادویات کی فراہمی کا سلسلہ حسب توفیق جاری ہے۔

سیلاب سے متاثرہ ان دور افتادہ علاقوں میں مناسب تعلیمی سہولیات کے فقدان کے باعث خواندگی کی شرح انتہائی پست ہے۔اپنے گھروں سے باہر اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہزاروں بچے موسمی امراض، شدید ذہنی دباو ، نفسیاتی مسائل اور سخت مایوسی کا شکار ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ خیمہ بستیوں میں مختصر قیام کے عرصہ میں بہتر تعلیم و تربیت سے ہزاروں بچوں کو علم و اخلاق کے نور سے آشنا کرکے ان کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہم نے اپنے مصطفائی اسکولوں کے بچوں کی مدد سے ہر خیمہ بستی میں ایک عارضی مصطفائی اسکول و مدرسہ کے قیام کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔
ایک سو بچوں پر مشتمل اسکول کے لئے ایک بڑے سائز کے خیمہ، دریوں ، استاد کے قلیل مشاہرہ، قرآنی قاعدوں ، وائٹ بورڈ ، اسٹیشنری اور کھیل کود کے مختصر سامان وغیرہ پر کل اخراجات کا تخمینہ 50 ہزار روپے ماہانہ یعنی 500 روپے فی بچہ  لگایا گیا ہے۔
پروگرام کے مطابق مصطفائی اسکول / مدرسہ میں بچوں اور بچیوں کو ان کی اپنی مادری یا قومی زبان میں قرآن پاک ناظرہ، حروف اور اعداد شناسی ، گنتی، بنیادی حساب کی تعلیم کے ساتھ صفائی،  سچائی، محنت و دیانت، باہمی تعاون و ہمدردی جیسی اقدار  اور آداب و اخلاق کی تربیت دی جائے گی۔ فارغ اوقات میں انہیں کھیل کود اور صحتمند تفریح کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ راجن پور کی مصطفائی خیمہ بستیوں میں پہلے ہی اس کام کا آغاز ہوچکا ہے۔
یاد رکھئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر طرح سے بری طرح نظر انداز شدہ  بچوں کو حصول علم کی طرف راغب کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔ آپ کا بروقت تعاون ان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اگر ایک اسکول اپنے طلبہ، والدین اور مخیر حضرات کے تعاون سے براہ راست اپنی نگرانی میں ایک خیمہ بستی کے اسکول کے انتظام  کا ذمہ لے لے تو ہم اس اہم سنگ میل کو بھی آسانی سے عبور کرسکتے ہیں۔
مزید معلومات کے لئے آپ درج ذیل نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں:
آپ کا رفیق سفر
محمداسلم الوری
مصطفائی فاونڈیشن پاکستان
03335452052
خواجہ صفدر امین
03365256016

 










کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مصطفائی نیوز Designed by # Copyright © 2014

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.